خیبر(کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے قمبرآباد میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ موقع پر موجود مقتولین کے ایک ساتھی کی جوابی فائرنگ سے مبینہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔
مقامی نمائندے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ قمبرآباد کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دو افراد کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں حنظلہ المعروف خلیفہ امیر، قوم شلوبر قمبرخیل، اور عارف ولد اسماعیل، برقمبرخیل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو مبینہ طور پر ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد موقع پر موجود مقتولین کے ایک ساتھی نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ طور پر حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے میں حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد سمیت ہلاک ہونے والے مبینہ حملہ آور کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کیے اور ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی، جبکہ واقعے کے عینی شاہدین سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبینہ حملہ آور کا تعلق قبیلہ کوکی خیل سے بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال اس کی حتمی تصدیق نہیں کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کے محرکات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تناظر میں یہ واقعہ اس لحاظ سے غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کہ مبینہ حملہ آور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ ایسے واقعات میں عموماً حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل اسی مقام کے قریب چار پولیس اہلکاروں کو بھی مبینہ طور پر ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق مقتولین کو نشانہ بنانے کی وجوہات، حملہ آوروں کی شناخت، ان کے ممکنہ ساتھیوں اور واقعے کے پسِ پردہ عوامل کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
متبادل سرخ