احمدپورشرقیہ/اوچ شریف(کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور کی الحاق کمیٹی نے ڈپلومہ اِن انفارمیشن ٹیکنالوجی (DIT) کے اجرا کے لیے کالج میں دستیاب کمپیوٹر لیب اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
الحاق کمیٹی کے سربراہ محمد حفیظ الرحمن نے کمپیوٹر لیب سمیت کالج میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل کی جانب سے ادارے کی بہتری اور ضروری انتظامات کے لیے کی جانے والی عملی کاوشوں کو سراہا۔
کمیٹی نے کالج میں ڈپلومہ اِن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے درکار تعلیمی و فنی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ، کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، پروفیسر محمد فیصل، محمد عباس، لیکچرر محمد عمران ملک، لیکچرر عرفان الحق، علی عباس اور دیگر کالج ملازمین بھی موجود تھے۔
کالج انتظامیہ کے مطابق ڈپلومہ اِن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجرا سے طلبہ کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اور فنی مہارتیں حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع تک رسائی میں بھی مدد ملے گی