کراچی (کیو این این ورلڈ) سندھ، بالخصوص کراچی اور دیگر شہروں میں جرائم اور حادثات کے مختلف واقعات میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر، خیرآباد زیبو گوٹھ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش ہسپتال منتقل کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت عبدالعزیز ولد یعقوب کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر کار کی ٹکر سے پیش آیا جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے بعد محمد عمران اور محمد زاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو 30 بور پستول، راؤنڈز، چوری شدہ موٹرسائیکل، موبائل فون اور دو پرس برآمد کیے گئے۔
لانڈھی پولیس نے اندرون روڈ 36 بی، عید گاہ گراؤنڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان سے مبینہ مقابلے کے دوران عاطف نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسی طرح ساؤتھ پولیس نے خیابانِ غالب، اسٹریٹ 31 کے قریب مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ریاض نامی ملزم شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے گاڑی اور 30 بور پستول برآمد ہوا۔ چاروں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
شکارپور میں مزدا کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں شہری جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شہری کی شناخت سلطان کوٹ کے رہائشی عیدن شیخ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی بیٹے کا نام جواد بتایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد مزدا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی ہے۔
لاڑکانہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق جبکہ تین راہگیر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت پنوں عاقل کے رہائشی علی حسن چانڈیو کے نام سے ہوئی۔ فائرنگ سے نعیم میربحر، عامر چانڈیو اور کامران چانڈیو زخمی ہوئے، جنہیں جاں بحق نوجوان کے ساتھ ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور فائرنگ کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔
ادھر گھوٹکی میں گھر میں مبینہ شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت عروسہ زوجہ ذیشان کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے اور لاش ہسپتال منتقل کردی۔ تاہم مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ذیشان نے عروسہ کو آگ لگا کر قتل کیا، کیونکہ وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔