گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ) گوجرانوالہ میں آسٹریلوی نژاد خواجہ سرا کو مبینہ طور پر جعلی نکاح نامہ تیار کرکے کروڑوں روپے سے محروم کرنے اور حبسِ بے جا میں رکھنے کے الزام میں باپ بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق عثمان نامی نوجوان کا ٹک ٹاک کے ذریعے آسٹریلوی نژاد خواجہ سرا سے رابطہ ہوا، جس کے بعد آسٹریلوی شہری دو مرتبہ پاکستان آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان نے مبینہ طور پر ساتھیوں کے ہمراہ آسٹریلوی شہری کے ساتھ جعلی نکاح نامہ تیار کروایا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر آسٹریلوی شہری کے اکاؤنٹ سے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کروائی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شہری نے پاکستان سے واپس جانے کی کوشش کی تو ملزمان نے مبینہ طور پر اسے زبردستی روک لیا اور حبسِ بے جا میں رکھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر آسٹریلوی شہری کی رہائی اور اسے واپس بھیجنے کے عوض مزید رقم کے علاوہ اپنے لیے ویزوں کا بھی مطالبہ کیا۔ متاثرہ شہری مبینہ حراست سے یکم جون کو فرار ہو کر لاہور پہنچا، جہاں سے اس نے پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ آسٹریلوی شہری کی درخواست پر تھانہ لدھیوالہ وڑائچ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں، مبینہ جعلی نکاح نامے، رقم کی منتقلی، حبسِ بے جا اور دیگر الزامات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔