فلم اسٹار شبنم کی 160 فلموں میں 152 اردو، 14 بنگالی اور 4 پنجابی فلمیں شامل ہیں

ڈھاکا(کیو این این ورلڈ) پاکستانی فلم انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والی لیجنڈری اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان سے بے پناہ محبت اور پیار ملا، وہ آج بھی پاکستان کو بہت یاد کرتی ہیں اور دل چاہتا ہے کہ ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جائیں۔

اپنی 80ویں سالگرہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے بتایا کہ انہیں سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات دنیا بھر سے موصول ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے انہیں جو محبت ملی، وہ ان کے لیے ہمیشہ ایک قیمتی سرمایہ رہے گی۔

شبنم کا کہنا تھا کہ پاکستانی مداحوں کی محبت کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ بعض مداحوں نے اپنی بیٹیوں کے نام بھی ان کے نام پر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام مقبول ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا، تاہم اداکار ندیم کے ساتھ ان کی سب سے زیادہ فلمیں بنیں۔

لیجنڈری اداکارہ نے کہا کہ پاکستان ان کی زندگی اور فنی سفر کا ایک اہم حصہ ہے، اسی لیے آج بھی پاکستان کی یاد انہیں بے چین کرتی ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ "مجھے پاکستان بہت یاد آرہا ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جاؤں۔”

شبنم کا شمار پاکستان کی کامیاب ترین فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کے فنی کریئر میں تقریباً 160 فلمیں شامل ہیں، جن میں اردو، بنگالی اور پنجابی فلمیں شامل ہیں۔ اداکار ندیم کے ساتھ ان کی جوڑی نے کئی سپرہٹ فلمیں دیں اور دونوں کی مقبولیت آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے