اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے نئے دفتر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعظم سے گوگل کے وفد نے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ اور گوگل کی مستقبل کی سرمایہ کاری و شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے، جبکہ ملک میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی کے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
گوگل کے نائب صدر نے کہا کہ کمپنی پاکستان کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کی خواہاں ہے اور ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جلد پاکستانی طلبہ کو ایک سال کے لیے
گوگل جیمینائی کی مفت سروس بھی فراہم کی جائے گی، جس سے طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی۔