اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) یومِ آزادی کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں پاک فوج کے بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی قربانیوں، تجربے اور دیرینہ کردار کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی استقامت مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، جبکہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی رہنمائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور ملکی خوشحالی کے لیے اپنا کردار بدستور جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ استقبالیے میں ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات اور قربانیوں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔