مستونگ میں ضیاء لانگو کے قافلے پر فائرنگ، وزیر داخلہ محفوظ رہے

کوئٹہ (ویب ڈیسک): مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ وزیر داخلہ حملے میں محفوظ رہے۔

مستونگ پولیس کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان کا قافلہ قلات سے کوئٹہ جا رہا تھا کہ ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گرو کے مقام پر مسلح افراد نے گھات لگا کر قافلے کو نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بلوچستان میں داخلہ امور کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق مسلح افراد اور پولیس کے درمیان تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو بھرپور جواب دیا۔

مستونگ کے نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کے ایمرجنسی انچارج ثنا ملک کے مطابق 6 زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال لایا گیا، جن میں سے 3 کی حالت اور طبی ضرورت کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے ان پٹاخوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔‘‘

حکام کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے