روس پاکستان شراکت داری کے تمام شعبوں میں مزید مضبوط تعاون کا خواہاں ہے: پوتن

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی قوم کے نام تہنیتی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

روسی صدر نے اپنے پیغام میں پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ روس اور پاکستان کے باہمی تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ولادیمیر پوتن کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور انسانی ہمدردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی رابطہ اور تعاون جاری ہے۔

روسی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ روس اور پاکستان اپنے عوام کے باہمی مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے اور باہمی تعاون کو نئی سطح تک لے کر جائیں گے۔

پوتن کا یہ تہنیتی پیغام پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی روابط کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں دونوں ممالک نے باہمی مفادات اور علاقائی و عالمی معاملات پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے