کراچی: (کیو این این ورلڈ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں سندھ نے صفِ اول کا کردار ادا کیا اور آئندہ بھی ملک کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزارِ قائد پر گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے متحد رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان بننے کے بعد بھی ملک کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
مراد علی شاہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی جوہری طاقت کے بانی ہیں، انہوں نے شہادت قبول کی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، جبکہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنی جان قربان کی لیکن پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں وزارتِ خارجہ کی ذمہ داری سنبھالی اور بھارت کی جانب سے خطرہ پیدا ہونے پر پوری قوم متحد ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوانوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور پاکستان کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی بھی شدید مذمت کی۔