پاکستان کا یومِ آزادی: انقرہ میں پاک ترک دوستی کے رنگ، نائب صدر ترکیہ سمیت اعلیٰ قیادت شریک

انقرہ(کیو این این ورلڈ)ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی پروقار انداز میں منایا گیا، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سمیت اعلیٰ ترک سیاسی و عسکری قیادت، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی محبت و یکجہتی کی بھرپور عکاسی کی۔

پاکستان ہاؤس انقرہ میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ترک نائب صدر جودت یلماز تھے۔ تقریب میں وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ، بری فوج اور فضائیہ کے سربراہان، سابق وزرا، اعلیٰ حکام، مختلف ممالک کے سفرا اور سفارتی نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں معزز شخصیات شریک ہوئیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور روایتی رقص پیش کیے، جبکہ پاکستان کی تاریخ، ثقافت، قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور سماجی و اقتصادی ترقی پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

ترک نائب صدر جودت یلماز نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روایتی سفارتی رشتوں سے کہیں آگے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی برادرانہ تعلق قائم ہے۔

جودت یلماز نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ علاقائی تعاون کے نئے راستے تلاش کیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی غیر معمولی حوصلے، ثابت قدمی اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، قوم کو ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اتحاد اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

سفیرِ پاکستان نے پاک ترک تعلقات کو مشترکہ تاریخ، اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی جذبات پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی، سفیرِ پاکستان اور دیگر معزز شخصیات نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا۔ بعد ازاں ترک نائب صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا، جس میں بانیٔ پاکستان کی زندگی، سیاسی بصیرت، قیادت اور تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان ہاؤس کے باغات میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں پاکستانی روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ انقرہ میں منعقدہ یہ تقریب پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے ساتھ پاک ترک دوستی، باہمی اعتماد اور مستقبل میں دوطرفہ و علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی بھی بھرپور عکاس رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے