کراچی(کیو این این ورلڈ) پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ مزارِ قائد پر تعینات پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
ملک بھر میں آج 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔