لاہور(کیو این این ورلڈ) پاکستان کا 79واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشنِ آزادی کا آغاز ہوگیا اور شہر، گلیاں اور محلے سبز ہلالی پرچموں سے سج گئے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں شاندار چراغاں اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور جشنِ آزادی کی ریلیاں نکالی گئیں۔
لاہور کے گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے آزادی کا جشن منایا۔ حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی، جبکہ ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
یومِ آزادی کے آغاز پر لاہور اور کوئٹہ میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ مساجد میں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشنِ آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو ملکی نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہوکر امن، استحکام اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔
