اوباوڑو: محنت کش کا سوتیلے بھائی پر گھر پر قبضے اور دھمکیوں کا الزام، حکام سے انصاف کی اپیل

گہوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) اوباوڑو میں ایک غریب محنت کش ظفر سولنگی نے اپنی اہلیہ مسماۃ نائلہ اور بچوں کے ہمراہ قرآنِ پاک اٹھا کر شہر کے مرکزی چوک پر احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

احتجاج کرنے والے ظفر سولنگی کے مطابق وہ گزشتہ پانچ سال سے کراچی میں محنت مزدوری کرکے رقم جمع کرتے رہے، جس سے انہوں نے اپنے گاؤں میں گھر تعمیر کروایا۔ ان کا الزام ہے کہ ان کا سوتیلا بھائی صدام سولنگی مبینہ طور پر دیگر افراد کے ہمراہ ان کے گھر پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ظفر سولنگی نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل مسلح افراد نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور ان کی اہلیہ و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق واقعے کی این سی بھی درج کروائی گئی، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

مظاہرین نے بتایا کہ انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث ان کا خاندان شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی حکام سے فوری نوٹس لے کر غیرجانبدارانہ تحقیقات، تحفظ اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے، اور مطالبات تسلیم نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی تنبیہ کی ہے۔

(نوٹ: خبر میں شامل الزامات متاثرہ فریق کے مؤقف پر مبنی ہیں، دوسرے فریق کا مؤقف سامنے آنے اور حتمی تحقیقات کے بعد ہی حقائق واضح ہو سکیں گے۔)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے