راولپنڈی ( کیو این این ورلڈ) ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں مال روڈ پر فلیش مین ہوٹل کے قریب سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک مسلح شخص مارا گیا ہے۔ مرنے والا شخص پی ٹی آئی کا کارکن تھا، اور یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ پارٹی کی قیادت سے رابطے میں تھا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے جو پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم ، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
امت نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی مرنے والے کو پی ٹی آئی کا کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پارٹی کی پرتشدد سیاست کا نتیجہ ہے، جبکہ مذکورہ جماعت نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلیش مین ہوٹل کے قریب مسلح شخص نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ بعض ابتدائی اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا کہ فائرنگ ایک گاڑی پر کی گئی اور مسلح افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
ریڈیو پاکستان نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے جو پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ملزم کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد ہلاک شخص کی تصاوہر بھی سامنے آئی ہیں جن میں وہ پارٹی ٹوپی پہنے ہوئے نظر آ رہا ہے، جبکہ اس کے قبضے سے ملنے والی اشیاء کی تصاویر بھی جاری کی گئیں۔ کچھ گھنٹے بعد سوشل میڈیا پر محمد حسین کی پرانی ویڈیوز گردش کرنے لگیں جن میں وہ پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں میں شریک اور پتھراؤ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
امت نیوز کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے کئی دیگر دعوے بھی گردش کرتے رہے، لیکن آخری اطلاعات تک پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ ٹی وی اینکر غریدہ فاروقی نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی آرمی جوان شہید نہیں ہوا بلکہ صرف ایک شخص انتہائی معمولی زخمی ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پاک فوج کا جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) اسی علاقے میں واقع ہے۔