آبنائے باب المندب میں تجارتی جہاز پر حملہ، عملے کے 2 پاکستانی اور 1 انڈونیشین شہری شہید

صنعاء ( کیو این این ورلڈ) یمن کے قریب واقع اہم بحری گزرگاہ آبنائے باب المندب میں ایک تجارتی جہاز پر مبینہ حوثی حملے کے نتیجے میں عملے کے تین ارکان شہید ہو گئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں دو پاکستانی اور ایک انڈونیشین شہری شامل ہیں۔

یمن کے حکومت سے منسلک نشریاتی ادارے کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے دوران جہاز پر موجود عملے کے افراد نشانہ بنے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید افراد کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آ سکی ہیں، جبکہ حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز کے نام، اس کی ملکیت اور سفر کی منزل کے بارے میں بھی معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حوثی گروپ کی طرف سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے یا حملے کی نوعیت سے متعلق فوری طور پر کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو ملانے والی دنیا کی ایک انتہائی اہم اور حساس بحری گزرگاہ ہے۔ ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کے لیے اس راستے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جس کے باعث یہاں پیش آنے والا کوئی بھی سیکیورٹی واقعہ عالمی بحری تجارت کے لیے شدید تشویش کا باعث بن جاتا ہے۔

یمن میں جاری کشیدگی کی وجہ سے باب المندب اور بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی سلامتی طویل عرصے سے عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس تاز ترین واقعے کے بعد علاقے میں بین الاقوامی بحری جہازوں کی آمدورفت اور ان کے عملے کی حفاظت کے حوال سے مزید شدید خدشات جنم لے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے