وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی

لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، جدید تدریسی طریقوں کے فروغ اور نواز شریف اسکول آف ایمیننس کے منصوبے سمیت باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے نواز شریف اسکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کی پیشکش کی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے فروغِ تعلیم کے لیے محکمہ تعلیم پنجاب کے ساتھ بھرپور اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

طے پایا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اس منصوبے کے تحت اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرے گا، تاکہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جاسکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کی پریشانی بھی وہ دل سے محسوس کرتی ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں داخلے کے لیے ہزاروں طلبہ کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب لوگ سرکاری اسکولوں میں اپنے بچوں کے داخلوں کے لیے کوشاں نظر آتے ہیں، جو سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری کی علامت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے شعبے میں معیار، جدید سہولیات اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو بھی بہترین مواقع میسر آسکیں۔

دوسری جانب آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے تعلیم کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اسکول آف ایمیننس کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے۔

وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پنجاب میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے