پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی جانب تاریخی قدم ہے، ضیاء الاسلام زاہد قریشی

ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ) مرکزی چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضیاء الاسلام زاہد قریشی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے خطے، امتِ مسلمہ اور عالمی امن و استحکام کے لیے ایک اہم، مثبت اور قابلِ فخر پیش رفت قرار دیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الاسلام زاہد قریشی نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان آل سعود، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہونا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی اعتماد اور مضبوط برادرانہ تعلقات کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان یہ تاریخی دفاعی معاہدہ مشترکہ سلامتی، باہمی اعتماد اور تعاون کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی حالات میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

ضیاء الاسلام زاہد قریشی نے کہا کہ تاریخی دفاعی معاہدہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عالمی وقار اور پاکستان پر برادر ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔ موجودہ پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں ایسے دوراندیش اور جرأت مندانہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے عالمی اور علاقائی امن کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت اور بصیرت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا عالمی سطح پر اعتراف اس معاہدے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ برادر اسلامی ممالک کے ساتھ باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات کو ترجیح دی ہے۔

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سردار محمد اسلم خان چانڈیہ، ضلعی صدر ڈیرہ غازی خان، محمد سلیم کھوہاوڑ، ضلعی جنرل سیکرٹری، اور شاکر رحیم، تحصیل صدر ڈیرہ غازی خان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سردار محمد اسلم خان چانڈیہ، ضلعی صدر ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ صرف دفاعی تعاون تک محدود نہیں رہے گا بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے بھی نئی راہیں ہموار کرسکتا ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں معاشی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات پہلے ہی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، جبکہ یہ دفاعی معاہدہ ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تینوں ممالک کا اتحاد امتِ مسلمہ کے لیے امید، یکجہتی اور مشترکہ سلامتی کا مضبوط پیغام ہے۔

شاکر رحیم، تحصیل صدر ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی وحدت، سلامتی اور استحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے ہی مؤثر انداز میں کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کے درمیان مضبوط تعاون امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو اس تاریخی دفاعی معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد، اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کی علامت ہے اور خطے کے محفوظ، پرامن اور مستحکم مستقبل کی جانب ایک قابلِ تحسین قدم ہے۔

مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ تینوں برادر ممالک مستقبل میں بھی دفاع، معیشت، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور خطے سمیت پوری امتِ مسلمہ کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے