گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی): معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے ایم-2 سکھیکی موٹروے سروس ایریا میں بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پانچ معروف فوڈ چینز کی انسپکشن کی۔ کارروائی کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر چار نیشنل فوڈ چینز کے آؤٹ لیٹس بند کر دیے گئے، 35 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایک من سے زائد ناقص اور ممنوعہ اجزاء تلف کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق معائنہ کے دوران متعدد فوڈ آؤٹ لیٹس میں فریزر اور واشنگ ایریا انتہائی گندے پائے گئے، بدبودار پانی موجود تھا، صفائی کے ناقص انتظامات، کھلی نالیاں، تعفن زدہ ماحول، حشرات کی بھرمار اور اشیائے خور و نوش فرش پر رکھی ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں بیکری مصنوعات پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ درج نہیں تھی، جبکہ سپلائی، واپسی کے ریکارڈ اور دیگر لازمی دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، جس پر فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں صوبے بھر میں ملاوٹ اور جعلسازی کے تمام راستے بند کرنے کے مشن پر کام کر رہی ہیں اور خوراک کی تیاری سے لے کر ترسیل تک ہر مرحلے کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق جعل سازوں اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری اور ایکسپائر خوراک کو مارکیٹ تک پہنچنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔