اوکاڑہ میں یومِ استحصالِ کشمیر قومی جذبے سے منایا گیا، بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر):یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، محکمہ انڈسٹریز، محکمہ ہائر ایجوکیشن، پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)، تاجر برادری، وکلاء، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں کے اشتراک سے ریلیوں، سیمینارز، خصوصی تقریبات اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا، جن میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔

مرکزی تقریب ڈی سی آفس اوکاڑہ میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پرچم لہرائے جبکہ شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، صدر بار فاروق اشرف، ضلعی انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، تاجران، وکلاء، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچموں کے ساتھ کشمیری عوام کی حمایت میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر نہتے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و جبر کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام کشمیریوں کی شناخت، بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت پر براہِ راست حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، تاہم کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کے غصب شدہ حقوق کی بحالی تک ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔

یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں ضلع بھر کے محکمہ تعلیم، محکمہ انڈسٹریز اور تمام سرکاری کالجز میں بھی خصوصی تقریبات، سیمینارز اور یکجہتی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی قیادت میں محکمہ تعلیم کے دفتر سے یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں تعلیمی افسران اور اساتذہ نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ 5 اگست تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

محکمہ انڈسٹریز میں ڈسٹرکٹ آفیسر خالد جاوید بھٹی کی زیرِ صدارت خصوصی تقریب اور ریلی منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور معاشی استحکام ممکن نہیں اور بھارتی مظالم کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو ختم نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے محمد ناصر کی نگرانی میں ضلع کے بوائز اور گرلز کالجز میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں طلبہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کیے۔ مقررین نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) اوکاڑہ نے بھی ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔ مرکزی تقریب کے علاوہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں بھی یکجہتی ریلیاں اور آگاہی واکس منعقد کی گئیں، جن میں ریسکیورز نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

سنٹرل ریسکیو اسٹیشن اوکاڑہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جو سنٹرل ریسکیو اسٹیشن سے شروع ہو کر جہاز چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جبکہ ضلع کی تمام تحصیلوں کے ریسکیو اسٹیشنوں پر بھی واکس کا اہتمام کیا گیا۔

ڈاکٹر خالد عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اقدام کشمیری عوام کی شناخت، بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق پر حملہ تھا، لیکن بھارتی جبر و استبداد کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو کبھی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوگا۔

تقریبات کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کی کامیابی، پاکستان کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے