بارشوں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی، گیمبر فیڈر ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) حالیہ مون سون بارشوں کے دوران رورل سب ڈویژن اوکاڑہ کے گیمبر فیڈر پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر واپڈا حکام اور عملے کی کارکردگی کو عوامی حلقوں نے سراہا ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن خالد محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ رورل سب ڈویژن کے ایس ڈی او روی شنکر اور ان کی ٹیم نے شدید بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باوجود گیمبر فیڈر کی بجلی بحال رکھنے کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ پری مون سون اور مون سون بارشوں کے دوران مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور فیڈرز ٹرپ ہونے کے واقعات سامنے آئے، تاہم گیمبر رورل سب ڈویژن کے عملے نے پیشہ ورانہ مہارت، تجربے اور مسلسل محنت سے صارفین کو بجلی کی فراہمی جاری رکھی۔

خالد محمود ڈوگر کے مطابق ایس ڈی او روی شنکر کی نگرانی میں فیڈر لائن سپرنٹنڈنٹ محمد اشرف، لائن مین اظہر خان بلوچ، اسسٹنٹ لائن مین عرفان شریف، اسسٹنٹ لائن مین مختار احمد اور دیگر عملے نے انتہائی ذمہ داری اور جانفشانی سے فرائض انجام دیے، جس کے باعث شدید بارشوں کے باوجود بجلی کی ترسیل میں کوئی بڑی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔

اہلِ علاقہ نے واپڈا کی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بارش یا آندھی کی صورت میں گھنٹوں بجلی معطل رہتی تھی، تاہم اس بار صورتحال مختلف رہی اور بجلی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی گئی۔ انہوں نے گیمبر رورل فیڈر کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی صارفین کو اسی معیار کی خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

عوامی حلقوں نے ایس ڈی او روی شنکر اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی ٹیم ورک، منصوبہ بندی اور موثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے