میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ)میہڑ کے علاقے حاتہ محلہ میں گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر ایک نوجوان نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی، جو دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق حاتہ محلہ کے رہائشی 28 سالہ عرفان سمون نے مبینہ طور پر گھریلو مسائل سے تنگ آ کر زہریلی دوا پی لی، جس کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی۔ اہلِ خانہ نے فوری طور پر اسے تحصیل اسپتال میہڑ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
طبیعت تشویشناک ہونے پر عرفان سمون کو مزید علاج کے لیے چانڈکا اسپتال لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، تاہم زہر جسم میں پھیل جانے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
نوجوان کی میت جب آبائی گھر حاتہ محلہ پہنچائی گئی تو گھر میں کہرام مچ گیا، جبکہ اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہو گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا چھا گئی اور مقامی افراد نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔