قصور: بارش کے جمع شدہ پانی میں ڈوب کر دو کمسن بچے جاں بحق

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو)قصور کے علاقے راجہ جنگ میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ سعد اور 12 سالہ احسان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچے بارش کے پانی سے بھرے ایک گہرے جوہڑ نما مقام کے قریب موجود تھے کہ اچانک پانی میں ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کی، تاہم دونوں بچوں کو زندہ نہ بچایا جا سکا۔

واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے ناقص انتظامات پر شدید تشویش ظاہر کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بارشوں کے بعد مختلف مقامات پر پانی جمع رہنے سے حادثات کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، جن کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ریسکیو حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے موسم میں اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں جوہڑوں، ندی نالوں، تالابوں اور بارش کے کھڑے پانی کے قریب جانے سے روکیں۔ حکام کے مطابق معمولی سی غفلت بھی کسی بڑے اور ناقابلِ تلافی سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی اچانک جدائی پر غم سے نڈھال ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے