پیپلز کالونی ڈسپوزل اسٹیشن پر 7 پمپ خراب، کمشنر کا واسا کی کارکردگی پر سخت نوٹس

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کے جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کمشنر محمد علی نے اپنے دورے کے دوران شمسی چوک انڈر پاس، سوئی گیس روڈ، پنڈی بائی پاس، سیالکوٹ روڈ، پیپلز کالونی اور مکی روڈ سمیت مختلف نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ میں موجود افسران سے نکاسیٔ آب کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔

دورے کے دوران کمشنر نے پیپلز کالونی میں واقع واسا کے ڈسپوزل اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا، جہاں مجموعی طور پر 11 میں سے 7 پمپ خراب پائے گئے۔ اس صورتحال پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واسا حکام کی کارکردگی پر سخت نوٹس لیا اور فوری طور پر مزید 5 نئے پمپ منگوانے کی ہدایت جاری کی۔

کمشنر محمد علی نے واضح کیا کہ مون سون سیزن میں نکاسیٔ آب کے نظام میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو خراب پمپوں کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل استعداد کے ساتھ فعال ہونے چاہئیں تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے واسا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، تمام مشینری کو فعال رکھیں اور بارش سے متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ نے خبردار کیا کہ نکاسیٔ آب کے عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی، غفلت یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بارشوں کے دوران درپیش مشکلات کے خاتمے اور نکاسیٔ آب کے مؤثر نظام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے