کم شلمان کے مولایانو کلی کی سربراہی چھوڑنے کا فیصلہ، حاجی حبیب اللہ خان کی پریس کانفرنس

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)کم شلمان کے علاقے مولایانو کلی کے سربراہ حاجی حبیب اللہ خان نے اپنی برادری کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی حبیب اللہ خان نے کہا کہ آج کے بعد وہ کم شلمان کے مولایانو کلی کی قیادت نہیں کریں گے اور نہ ہی برادری کے اجتماعی معاملات میں کوئی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ وہ صرف اپنے بچوں اور اپنے گھرانے کی ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ دیگر خاندانوں کے معاملات سے مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا ہے اور اس پر غور و فکر کے بعد حتمی طور پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے بعد مولایانو کلی کی نمائندگی، کسی بھی قسم کے تنازعے، دشمنی یا اجتماعی معاملات کے حوالے سے وہ ذمہ دار نہیں ہوں گے۔

حاجی حبیب اللہ خان نے مزید کہا کہ آئندہ ہر خاندان اپنے فیصلوں اور معاملات کا خود ذمہ دار ہوگا اور ان کا نام کسی بھی اجتماعی یا قبائلی مسئلے میں شامل نہ کیا جائے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے عوام باہمی اتحاد، بھائی چارے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے معاملات کو آگے بڑھائیں گے اور علاقے کے امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے