لاہور میں 263 ملی میٹر ریکارڈ بارش، پنجاب بھر میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے

لاہور (کیو این این ورلڈ)پنجاب میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں ایک ہی اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر ریکارڈ بارش نے شہر کو پانی میں ڈبو دیا، متعدد علاقے زیر آب آ گئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک 21 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 15 افراد عمارتیں گرنے، 3 کرنٹ لگنے، 2 آسمانی بجلی گرنے اور ایک شخص پانی میں ڈوبنے کے باعث جاں بحق ہوا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں صوبے بھر میں کم از کم 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں۔

ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی شدید بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے بعض علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے آمدورفت کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

ترجمان واسا کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاجپورہ میں 157.4 ملی میٹر، کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں 133، مال روڈ پر 116، مناواں میں 112.2، جوہر ٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کے باعث ڈی ایچ اے کے ایک انڈر پاس میں پانی کی سطح چھت کے قریب تک پہنچ گئی جبکہ ہربنس پورہ انڈر پاس کو بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔ تاجپورہ سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صحافی کالونی کے سامنے کینال روڈ، جلو پارک، میڈیکل اسکیم، تاجپورہ اسکیم اور دیگر آبادیوں میں بھی کئی کئی فٹ پانی جمع رہا۔

دوسری جانب کاہنہ کے قریب فیروزپور روڈ پر پھسلن کے باعث موٹرسائیکل کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ڈی ایچ اے فیز فور میں ٹی آر گارڈر سے بنی ایک رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق ریسکیو، واسا، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے