کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیراحمدبلوچ): سندھ انفارمیشن کمیشن نے گل پلازہ واقعے کی انکوائری رپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شکایت خارج کر دی ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گل پلازہ کیس اس وقت زیرِ تفتیش ہے، اس لیے موجودہ مرحلے پر انکوائری رپورٹ جاری نہیں کی جا سکتی۔ فیصلے کے مطابق رپورٹ منظرِ عام پر لانے سے جاری تحقیقات متاثر ہونے اور تفتیشی عمل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
سندھ انفارمیشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جب تحقیقات مکمل ہو جائیں گی اور متعلقہ ادارے کی جانب سے چالان عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا تو یہ ریکارڈ پبلک ریکارڈ کی حیثیت اختیار کر لے گا، جس تک قانون کے مطابق رسائی حاصل کی جا سکے گی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ زیرِ تفتیش معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا معلومات کی قبل از وقت فراہمی عوامی مفاد کے خلاف ہو سکتی ہے، لہٰذا انکوائری رپورٹ فی الحال جاری نہیں کی جا سکتی۔
یاد رہے کہ گل پلازہ واقعے سے متعلق انکوائری رپورٹ کے اجرا کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، جسے سندھ انفارمیشن کمیشن نے قانونی نکات اور جاری تفتیش کو مدنظر رکھتے ہوئے مسترد کر دیا۔