ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار سید محمد عبداللہ مجاہد): تحصیل سانگلہ ہل میں وکلاء کے نئے تعمیر شدہ چیمبرز اور جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا، جس سے علاقے کے عدالتی بنیادی ڈھانچے کو نمایاں تقویت حاصل ہوئی ہے اور شہریوں کو بہتر عدالتی سہولیات میسر آئیں گی۔
افتتاحی تقریب میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ، سابق ایم پی اے طارق محمود باجوہ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے صدر علی ناصر قادری ایڈووکیٹ سمیت وکلاء برادری اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جدید جوڈیشل کمپلیکس اور وکلاء چیمبرز کی تعمیر سے نہ صرف عدالتی امور کی انجام دہی میں سہولت پیدا ہوگی بلکہ سائلین اور وکلاء کو بہتر ماحول بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کو سانگلہ ہل کی عدالتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے انصاف کی فراہمی کا نظام مزید مؤثر اور مضبوط ہوگا۔
مقررین نے عدلیہ اور وکلاء کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے عوام کو بروقت اور بہتر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افتتاح کے بعد مہمانوں نے نئے تعمیر شدہ کمپلیکس اور چیمبرز کا معائنہ بھی کیا۔