ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی ہدایت پر پیٹرول پمپس کے اسٹاک کی چیکنگ، بلیک مارکیٹنگ پر مقدمات کا فیصلہ

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہو گئی ہے۔ ضلع بھر کے انتظامی اور متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے پیٹرول پمپس کے اسٹاک کی سخت چیکنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں۔

اس خصوصی مہم اور چیکنگ کے دوران افسران نے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کمانے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا واضح عندیہ دے دیا ہے۔ دور دراز کے علاقوں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت کی شکایات پر انتظامیہ نے پمپ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ عوام کو پریشان کرنے والا کوئی بھی مافیا رعایت کا مستحق نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پٹرولیم مصنوعات کا مناسب اور پورا اسٹاک موجود ہے، لہٰذا کسی کو بھی من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث پمپ مالکان کو نہ صرف بھاری جرمانے کیے جائیں گے بلکہ انہیں جیل کی ہوا اور سنگین مقدمات کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے