ایران کا الزام، امریکی حملوں نے آبنائے ہرمز مذاکرات سبوتاژ کر دیے
تہران:(کیو این این ورلڈ) ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکا کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران ہونے والی تمام سفارتی کوششوں کو بے سود بنا دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کے انتظامات میں کھلی مداخلت کی، جس کے نتیجے میں نہ صرف خطے میں دوبارہ عدم تحفظ کی صورتحال پیدا ہوئی بلکہ بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی بھی متاثر ہوئی۔
بیان کے مطابق ہفتے کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات کا مرکزی موضوع آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامات تھے، تاہم ایران کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے عمان پر دباؤ ڈال کر اس معاملے پر کسی حتمی پیش رفت یا اتفاقِ رائے کو روک دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ امریکی اقدامات نے سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بنے۔