پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر انتظامی صلاحیتوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی میں بہتری

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں خدمات انجام دینے والے آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اپنی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر انتظامی صلاحیتوں اور خدمتِ خلق کے جذبے کے باعث طبی حلقوں میں خصوصی مقام رکھتے ہیں۔ وہ طبی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کی اضافی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں نبھا رہے ہیں اور ہسپتال میں طبی سہولیات، صفائی اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین ان چند سرکاری ڈاکٹروں میں شمار ہوتے ہیں جو طبی خدمات کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات کو بھی کامیابی سے سنبھال رہے ہیں۔ جب بھی ہسپتال کو انتظامی سطح پر اضافی ذمہ داری یا کسی مشکل صورتحال کا سامنا ہوتا ہے تو انہیں قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا چارج سونپا جاتا ہے، جسے وہ ذمہ داری، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ اس وقت بھی وہ قائم مقام ایم ایس کے اضافی چارج پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین ایک طرف آرتھوپیڈک سرجن کی حیثیت سے روزانہ او پی ڈی میں مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں، ایمرجنسی میں روڈ ٹریفک حادثات سمیت دیگر پیچیدہ کیسز کا بروقت علاج کرتے ہیں، جبکہ ہفتے میں دو روز آرتھوپیڈک آپریشن بھی معمول کے مطابق انجام دیتے ہیں۔ دوسری جانب وہ ہسپتال کے انتظامی امور، عملے کی نگرانی، طبی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے نظام، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل سرگرم رہتے ہیں۔

گزشتہ ماہ صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر کے اچانک دورۂ ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کے دوران ہسپتال کے انتظامات کو سراہا گیا، جس کے بعد ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کے نام باقاعدہ تعریفی خط جاری کیا گیا۔ تعریفی خط میں ہسپتال کے مؤثر انتظامی نظام، عملے کی حاضری، ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ تیاری، مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، صفائی کے معیار اور ضروری ادویات کی دستیابی کو قابلِ ستائش قرار دیا گیا۔

طبی حلقوں کے مطابق ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی مؤثر انتظامی صلاحیت، بروقت فیصلے، ٹیم ورک اور مریض دوست پالیسی نے ہسپتال کے نظم و نسق اور مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ سرکاری ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو ممکنہ حد تک معیاری، بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کا اعتماد سرکاری طبی اداروں پر مزید مضبوط ہو۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی خدمات اس امر کا عملی ثبوت ہیں کہ اگر پیشہ ورانہ مہارت، انتظامی صلاحیت اور خدمتِ خلق کا جذبہ یکجا ہو تو سرکاری اداروں میں بھی مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکتی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے