کراچی (کیو این این ورلڈ) شارجہ سے پاکستان واپسی پر لاپتا ہونے والے نجی کمپنی کے کارگو طیارے کا ملبہ سمندر سے مل گیا ہے۔ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے طویل آپریشن کے بعد لاپتہ طیارے کا ملبہ تلاش کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
ترجمان کے مطابق طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل میل جنوب میں پایا گیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے مزید شواہد اور اس میں سوار عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں اب بھی تیز رفتاری سے جاری ہیں، جس میں پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے بحری و فضائی اثاثے حصہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ سمندر پر پرواز کے دوران اچانک لاپتا ہو گیا تھا، جس میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔ ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے نجی کمپنی کا طیارہ لاپتا ہونے اور دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی تھی۔
پی اے اے حکام کے مطابق رات 9 بجکر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر پرواز کرتے ہوئے طیارے کے پائلٹ نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی تھی اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی تھی، جس پر طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اسی دوران طیارہ اچانک دائیں جانب مڑا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا، جبکہ ریڈار پر طیارے کے گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ ریکارڈ کی گئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوششیں کی گئیں لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا، جس کے بعد رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے مکمل غائب ہو گیا تھا۔