کندھ کوٹ: گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار وقاراحمداعوان) قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خفیہ اطلاعات پر اسسٹنٹ کمشنر کندھ کوٹ ضرار احمد خاصخیلی نے گندم ذخیرہ اندوزوں اور غیر لائسنس یافتہ ڈیلرز کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ہمراہ تعلقہ کندھ کوٹ میں حکومت سے منظور شدہ گندم کے مختلف ذخیرہ مراکز کا اچانک دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس اچانک چھاپے کے دوران گندم کے تمام ذخائر، اسٹاک رجسٹر، خرید و فروخت کے ریکارڈ اور مارکیٹ میں گندم کی فراہمی کی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر موجود گندم کے ذخائر کی جسمانی تصدیق کی گئی اور لائسنس کے ریکارڈ سمیت دیگر متعلقہ دستاویزات کو باریک بینی سے چیک کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ضرار احمد خاصخیلی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری پالیسی اور مقررہ ضوابط کے مطابق مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، بغیر لائسنس گندم کی خرید و فروخت اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو معیاری آٹا مناسب نرخوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ خوراک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے یہ کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلور ملز اور گندم کے تمام گوداموں کی باقاعدہ اور سخت نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ گندم اور آٹے کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور حکومتی پالیسی پر شفاف طریقے سے مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے