امریکی حملے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی، ایران فیصلہ کن اقدامات کرے گا: محمد باقر قالیباف

تہران (کیو این این ورلڈ) ایران کے چیف مذاکرات کار اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا، ایران کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔

محمد باقر قالیباف نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملے، ایرانی تیل کی برآمدات پر دوبارہ پابندیاں، مزید حملوں کی دھمکیاں، آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات پر اعتراضات اور لبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں کی حمایت معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندی سے استثنیٰ ختم کرنا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں بھی معاہدے کے آرٹیکل 1 اور 2 سے متصادم ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران لبنان میں اسرائیلی اقدامات کی امریکی حمایت اور ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات بھی معاہدے سے انحراف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران امریکا کو ان خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے اور قومی مفادات و سلامتی کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے