کام کی جگہ پر خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، حیدر علی ابڑو

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/واقار اعوان کی رپورٹ)صوبائی محتسب سندھ کے کنسلٹنٹ اور ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدر علی ابڑو نے کہا ہے کہ معاشرے میں خواتین کے لیے کام کی جگہ پر سازگار ماحول کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ دورانِ ملازمت خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محتسب سندھ جسٹس (ر) شاہنواز طارق کی ہدایت پر ایس ایس پی آفس کندھ کوٹ میں خواتین کو دورانِ ملازمت ہراسانی سے تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت صوبائی محتسب سندھ کے کنسلٹنٹ، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدر علی ابڑو نے کی، جبکہ ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شبیر احمد اور ڈی ایس پی کمپلین سیل سید اصغر علی شاہ نے بھی شرکت کی۔

سیمینار میں پولیس محکمہ میں خدمات انجام دینے والی خواتین پولیس کانسٹیبلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خواتین کو ملازمت کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ، ان کے قانونی حقوق اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

خطاب کرتے ہوئے حیدر علی ابڑو نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایسے سیمینارز کا انعقاد ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک آگاہی پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اور سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں، جن کی بدولت خواتین بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات پر ضلع کشمور سمیت سندھ بھر میں پروٹیکشن آفسز قائم کیے گئے ہیں، جہاں خواتین دورانِ ملازمت ہراسانی سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکتی ہیں۔ ان شکایات پر ایک ماہ کے اندر کارروائی کرتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے اور متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کشمور میں خواتین کے حقوق، تحفظ اور قانونی آگاہی کے فروغ کے لیے مستقبل میں مزید سیمینارز اور آگاہی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے