گیس مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف 11 مقدمات درج، کارروائیاں جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلع بھر میں ایل پی جی مافیا اور گیس کی اوور چارجنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے پر 25 دکانیں سیل کر دی گئیں، 11 مقدمات درج کیے گئے جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

سول ڈیفنس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران اوکاڑہ شہر میں 7، شیرگڑھ میں 2، حجرہ شاہ مقیم میں 3، بصیر پور میں 5 اور حویلی لکھا میں 8 دکانیں سیل کی گئیں۔ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ عوام کا استحصال کرتے ہوئے ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ سرکاری نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اوور چارجنگ میں ملوث دکانداروں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں گیس کی اوور چارجنگ کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور قانون شکنی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے