منبر و محراب معاشرتی اصلاح اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، احمد سلیم چشتی

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی زیرِ صدارت باہمی ربط و رابطے کے فروغ، محبت، رواداری اور یگانگت کے پرچار کے لیے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور آئمہ مساجد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور باہمی رابطے و ہم آہنگی کی پالیسی پر عمل درآمد موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منبر و محراب نے ہمیشہ معاشرتی اصلاح، اتحاد و یگانگت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، جبکہ موجودہ حالات میں اس کردار کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایک ایسے پرامن اور مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے علماء کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شرپسند عناصر کو امنِ عامہ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔

احمد سلیم چشتی نے کہا کہ علماء کرام معاشرے میں برداشت، بھائی چارے، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے امن، محبت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے