گیس بھرتے وقت نلی پھٹ گئی، دھماکے سے خوف و ہراس، دو افراد لاڑکانہ منتقل

میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ)میہڑ بائی پاس کے قریب واقع دیوان سی این جی اسٹیشن پر گیس بھرتے وقت اچانک زوردار دھماکہ ہونے سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق شدید گرمی کے باعث سی این جی بھرنے کے دوران گیس کی نلی دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں گیس بھروانے والا شخص فرحان خاصخیلی اور سی این جی اسٹیشن کا ملازم شکیل پہنور زخمی ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل اسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ کے اسپتال ریفر کر دیا۔

دھماکے کے باعث سی این جی اسٹیشن اور اطراف کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ اداروں نے صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ دھماکے کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے