احترام سے بات کریں، ورنہ مختلف زبان میں جواب ملے گا”، ایران کا ٹرمپ کو دوٹوک پیغام
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محمد باقر ذوالقدر نے امریکی صدر Donald Trump کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام سے احترام کے ساتھ بات کی جائے، بصورت دیگر ایران مختلف انداز میں جواب دے گا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق محمد باقر ذوالقدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کی ہزاروں سال پرانی تہذیب کے خاتمے کی بات کر چکے ہیں، لیکن اس سوچ کا نتیجہ صرف "شکست، مایوسی اور مذاکرات و جنگ بندی کی درخواستوں” کی صورت میں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم دھمکیوں کی زبان سے مرعوب ہونے والی نہیں اور خبردار کیا کہ "ایرانی عوام سے احترام سے بات کریں، ورنہ ہم آپ کو ایک مختلف زبان میں جواب دیں گے۔”
دوسری جانب ایران کے وزیر ثقافت سید عباس صالحی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے مخالفین نے اب بھی دھونس اور دھمکی کی زبان ترک نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ نے ماضی کی ناکامیوں سے سبق نہیں سیکھا تو وہ اپنے شہید رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے لاکھوں ایرانیوں کی شرکت سے سبق حاصل کرے۔
سید عباس صالحی نے مزید کہا کہ ایران اپنے حقوق کے دفاع اور سفارت کاری، دونوں میدانوں میں پیچھے نہیں ہٹے گا، اور امریکہ کو خبردار کیا کہ وہ "غیر ذمہ دارانہ بیانات” سے مزید سبکی نہ سمیٹے۔