راولپنڈی میں بڑے انتظامی تبادلے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او تبدیل

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سمیت متعدد اہم افسران کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں کر دی ہیں۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک کا تبادلہ کر کے انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کو بھی تبدیل کرتے ہوئے انہیں ایس اینڈ جی اے ڈی لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکومت نے کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے عہدے سے تبدیل کر کے نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی تعینات کر دیا ہے۔

دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو بھی عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حسن مشتاق سکھیرا کو نیا سی پی او راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو بھی تبدیل کر کے محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کو اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال کا تبادلہ کر کے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تقرری کے منتظر رب دینو کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں تعینات کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو نیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ان تبادلوں کو انتظامی امور کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے