اوکاڑہ میں فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، بدبودار گوشت برآمد، 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوکاڑہ میں غیر قانونی ذبح خانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سکھ چین ٹاؤن یعقوب آبادی میں قائم ایک غیر قانونی ذبح خانے پر چھاپہ مار کر 10 من سے زائد بکرے اور بڑے جانوروں کا مضر صحت اور بدبودار گوشت برآمد کر لیا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عثمان امین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عبدالعظیم کی سربراہی میں کی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت انتہائی بدبودار اور خراب حالت میں تھا، جبکہ موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے معائنے کے بعد اسے انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ استعمال اور صحت کے لیے مضر قرار دیا۔

کارروائی کے دوران ملوث افراد فدا حسین، بلال اور اعظم کے خلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ناقص و مضر صحت خوراک کی تیاری یا فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے