ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) ڈیرہ غازی خان پولیس نے صوبہ بلوچستان سے پنجاب بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مختلف کامیاب کارروائیوں میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اسمگلروں کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو گرام آئس اور 40 کلو گرام چرس برآمد کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ سخی سرور پولیس نے بارڈر کے قریبی علاقے میں چیکنگ تیز کر رکھی تھی۔ دورانِ چیکنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہلی کامیابی حاصل کی اور ملزم اعجاز احمد ولد فتح محمد (قوم کاکڑ پٹھان، سکنہ ضلع زیارت، بلوچستان) کو گرفتار کر لیا، جس کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے 3 کلو گرام قیمتی آئس برآمد ہوئی۔
اسی دوران سخی سرور پولیس نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی اسمگلر ملزم اخلاق ولد جاڑوں خان (قوم مری، سکنہ کوہلو، بلوچستان) کو دھر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 40 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر کے اسے مالِ مقدمہ کے طور پر ضبط کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ منشیات اسمگلنگ کے اس بین الصوبائی نیٹ ورک، ان کے مقامی سہولت کاروں اور خریداروں کا سراغ لگا کر انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سخی سرور عرفان مصطفےٰ نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ بلوچستان سے پنجاب آنے والے تمام بین الصوبائی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت اور مؤثر بنا دیا گیا ہے تاکہ منشیات کی ترسیل کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔