کراچی (کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی سطح کے سفارتی محاذ پر پاکستان کو ملنے والی تاریخی پذیرائی دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سے وہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حملہ آور دہشت گردوں کو فوری جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے مقابلے کے دوران رینجرز کے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دشمن کے ایسے بزدلانہ فعل سے یہ بات بالکل واضح ہو چکی ہے کہ وہ پاکستان کی عالمی کامیابیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیور پاکستانی قوم اپنے وطن عزیز کی حفاظت اور دشمن کے تمام مذموم عزم و عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ اور پوری طرح پُرعزم ہے۔