محرم کے مثالی انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس، انتظامیہ اور تمام اداروں کو خراجِ تحسین

لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے پرامن، باوقار اور منظم انعقاد پر پنجاب کی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا، "الحمدللہ… شاباش ٹیم پنجاب”۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کا انعقاد پرامن، باوقار اور بہترین انتظامات کے ساتھ ممکن بنایا گیا۔

مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء، اراکین پنجاب اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت اور لوکل گورنمنٹ کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے دن رات محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عزاداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کی گئیں، عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا اور گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے سموگ گنز کے ذریعے پانی کی پھوار کا انتظام کیا گیا، جس سے عزاداروں کو نمایاں ریلیف ملا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات بھی یقینی بنائے گئے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون نے مؤثر حکومتی ٹیم ورک کی مثال قائم کی۔

انہوں نے پنجاب پولیس کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود پولیس افسران اور اہلکار پوری ذمہ داری کے ساتھ سڑکوں پر موجود رہے اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا، جس کی بدولت عاشورہ محرم پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دینے والے تمام افسران اور اہلکار قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا، "آپ ہمارا فخر ہیں، جیتے رہیے۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے