مری ایکسپریس وے پر چلتی ہائی ایس میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر محفوظ، حفاظتی انتظامات پر سوالات

مری (کیو این این ورلڈ) مری ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے آنے والی ایک ٹویوٹا ہائی ایس میں دورانِ سفر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہائی ایس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی، تاہم تمام مسافر بروقت گاڑی سے نکلنے میں کامیاب رہے، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد گاڑی چند ہی لمحوں میں شعلوں کی نذر ہوگئی، جبکہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک ہائی ایس مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مری ایکسپریس وے پر گاڑیوں میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے، جس کے باعث مسافروں اور مقامی شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے شاہراہ پر ہنگامی امدادی نظام اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بروقت جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی، جبکہ بند یوٹرنز کے باعث ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بھی موقع پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس سے امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ حالیہ واقعات کے بعد شاہراہ پر حفاظتی انتظامات، ہنگامی رسپانس سسٹم اور ٹریفک مینجمنٹ کی مؤثریت پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے