گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی جانب سے نہروں میں نہانے اور تیراکی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ نے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی ہدایات پر پیرا فورس سٹی اور صدر کی ٹیموں نے نہروں اور آبی گزرگاہوں کے اطراف نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ای او پیرا فورس سٹی راشد علی اور ایس ڈی ای او پیرا فورس صدر خوشبو حسین نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور نہروں میں نہانے، تیراکی کرنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرمی کے موسم میں نہروں میں نہانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث حادثات اور ڈوبنے کے واقعات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نہروں میں نہانا اور تیراکی کرنا نہ صرف قانونی پابندی کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عمل انسانی جانوں کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
کارروائیوں کے دوران شہریوں کو آگاہی بھی فراہم کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ اپنی جانوں کے تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچنے کے لیے نہروں، راجباہوں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے سے گریز کریں۔ انتظامیہ نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں نہروں کے قریب جانے سے روکیں۔
ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا اور آئندہ بھی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
QNN World: مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت