لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ضلع خیبر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری مہم کے دوران باڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹرکار سے 16 کلوگرام چرس برآمد کر لی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس پی باڑہ نواب خان اور ڈی ایس پی باڑہ مظہر آفریدی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ باڑہ زاہد اللہ خان کی سربراہی میں شین کمر کے علاقے میں خصوصی ناکہ بندی کی گئی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ایک مشتبہ موٹرکار کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 16 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم خان افضل ولد شاہ فیصل، قوم ملک دین خیل کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش کے لیے اسے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او وقار احمد نے کہا ہے کہ ضلع خیبر کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔