8 کروڑ کے بجٹ کے باوجود فائر بریگیڈ ناکام، آگ بجھانے والی گاڑی ٹریکٹر کے سہارے

میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/مشتاق علی لغاری) میونسپل کمیٹی میرپور ماتھیلو کے تقریباً 8 کروڑ روپے سالانہ بجٹ کے باوجود بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہر میں فائر بریگیڈ سروس کی ابتر صورتحال سامنے آنے کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی پرانی گاڑی پر تقریباً ایک ماہ قبل 3 سے 4 لاکھ روپے خرچ کرکے مرمت کا کام کروایا گیا تھا، تاہم مرمت کے باوجود گاڑی کا انجن مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔ صورتحال اس وقت مزید توجہ کا مرکز بن گئی جب فائر بریگیڈ گاڑی کو ٹریکٹر کے ذریعے کھینچ کر لے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، جس نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کسی بھی شہر کی اہم ترین ہنگامی سروسز میں شمار ہوتی ہے اور اس کا فعال ہونا عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر کسی ہنگامی صورتحال یا آتشزدگی کے واقعے کے دوران فائر بریگیڈ گاڑی اپنی طاقت پر چلنے کے قابل نہ ہو تو قیمتی جانوں اور املاک کو بچانا مشکل ہو سکتا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کروڑوں روپے کے سالانہ بجٹ اور حالیہ مرمت پر لاکھوں روپے خرچ ہونے کے باوجود فائر بریگیڈ گاڑی اس حالت میں کیوں پہنچ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک بنیادی اور انتہائی اہم سروس کی یہ حالت ہے تو بجٹ کے فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں اور ان کی نگرانی کا نظام کس حد تک مؤثر ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فائر بریگیڈ سروس کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، فنڈز کے استعمال اور مرمت کے اخراجات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ عوامی ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ہنگامی حالات میں ان کا تحفظ یقینی بنانا ہے، تاہم فائر بریگیڈ گاڑی کو ٹریکٹر سے کھینچنے کی تصاویر اور ویڈیوز انتظامی نااہلی اور غفلت کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائر بریگیڈ سروس کو فوری طور پر فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے