عزاداروں کیلئے صاف ماحول کی فراہمی، ستھرا پنجاب ایجنسی کا خصوصی صفائی آپریشن جاری

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب” پر عملدرآمد کے تحت محرم الحرام کے مقدس ایام میں ستھرا پنجاب ایجنسی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز عوام کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق شہر بھر کی امام بارگاہوں، مجالسِ عزا، جلوسوں کے روٹس، سبیلوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے مقامات پر خصوصی صفائی و ستھرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے صفائی عملہ مختلف علاقوں میں تعینات ہے جو کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، نالیوں کی صفائی اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مذہبی اجتماعات کے مقامات پر صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گلی گلی اور محلہ محلہ تعینات ورکرز نہ صرف صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی ہمہ وقت تیار ہیں۔

دوسری جانب شہر اور گردونواح کے قبرستانوں میں بھی خصوصی صفائی مہم جاری ہے۔ قبرستانوں میں گھاس کی کٹائی، جھاڑیوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی منتقلی اور داخلی و خارجی راستوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہری اپنے مرحومین کی قبور پر حاضری کے دوران صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول سے مستفید ہو سکیں۔

علاوہ ازیں سبیلوں، لنگر اور نیاز کی تقسیم کے مقامات پر بھی صفائی عملہ موجود رہتا ہے تاکہ ان مقامات کے اطراف صفائی کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق عزاداروں اور شہریوں کو ہر وقت صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

ستھرا پنجاب ایجنسی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز کی شبانہ روز محنت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو شہری حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صفائی کے مؤثر انتظامات وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن کی عملی عکاسی ہیں اور اس سے عوام کو بہتر شہری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے