دربار پیر عادل میں مجلسِ عزا اور علمِ پاک کا جلوس، مؤمنین کی بڑی تعداد میں شرکت

پیر عادل (کیو این این ورلڈ/باسط علی گاڈی) ملک بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان کے علاقے دربار پیر عادل میں بھی علمِ پاک کا مرکزی جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ مرحوم فدا حسین فوجی کے گھر سے برآمد ہوا، جس میں مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اہلِ بیتؑ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

جلوس سے قبل منعقدہ مجلسِ عزا سے مولانا حافظ ابوذر غفاری اور ذاکرِ اہلِ بیت سید حسین رضا بخاری نے خطاب کیا۔ مقررین نے واقعہ کربلا، حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پیغامِ کربلا کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

مجلس کے بعد علمِ پاک کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جس میں ماتمی سنگت کاروانِ علمدار، ماتمی سنگت یا قائم آل محمدؑ اور ماتمی سنگت غلامانِ معصومین نے شرکت کی۔ ماتمی سنگتوں نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے حضرت عباس علمدارؑ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا جبکہ مؤمنین نے سینہ زنی اور ماتم داری کے ذریعے شہدائے کربلا کو پرسہ دیا۔

جلوس کے شرکاء اور عزاداروں کے لیے ٹھنڈی سبیل کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جہاں پانی اور دیگر مشروبات کی فراہمی جاری رہی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کاظمیہ پہنچا جہاں اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے اختتام پر بانیِ جلوس منتظر مہدی و برادران کی جانب سے مؤمنین اور عزاداروں کے لیے وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عزاداروں نے امن، سلامتی، اتحادِ امت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے